پنجی،13/جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) گوامیں بی جے پی حکومت کی کابینہ میں توسیع ہوگئی ہے۔اس میں کانگریس سے آئے تین ممبران اسمبلی کو کابینہ میں جگہ دی گئی ہے۔اس توسیع میں 4 نئے وزراء کو جگہ دی گئی ہے۔اپوزیشن کے رہنما رہے چندرکات کاولیکر کو نائب وزیر اعلیٰ بنایا گیا ہے۔بابش اتاناسیو مونسیرات کی بیوی جینیفر اور فلپ نیری رڈرگج کو بھی وزیر کے عہدے کا حلف دلایا گیا ہے۔ڈپٹی اسپیکرمائیکل لوبوکو بھی کابینہ میں جگہ دی گئی ہے۔اس سے پہلے گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے ریاستی کابینہ میں ردوبدل سے پہلے سنیچر کو چار وزراء کو اپنی کابینہ سے ہٹا دیا۔ان وزراء میں گوا فارورڈ پارٹی (جی ایف پی) کے تین اور ایک آزاد ممبر اسمبلی شامل ہیں۔ اس سلسلے میں نوٹیفکیشن دوپہر میں جاری کیاگیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق چار وزیر اعلیٰ- نائب وزیر اعلی وجے سردیسائی، آبی وسائل کے وزیر ونود پالیکر، دیہی ترقی کے وزیر جییش سال گاؤکر (تمام جی ایف پی ممبر اسمبلی) اور آمدنی وزیر روہن کھنٹے (آزاد) کو کابینہ سے ہٹا دیا گیا۔ان وزراء کی جگہ مائیکل لوبو اور کانگریس سے بی جے پی میں آنے والے 10 میں سے تین ممبران اسمبلی کو شامل کیا گیا۔لوبو نے کچھ ہی دیر پہلے اسمبلی نائب صدر کے طور پر استعفی دے دیا تھا۔لوبو نے بتایا کہ ان کے علاوہ چندرکات کاولیکر، فلپ نیری رڈرگج اور جینیفر مونسیرات کو نئے کابینہ میں شامل کیا گیا۔جینیفر مونسیرات پنجی سے رکن اسمبلی اتاناسیو مونسیرات کی بیوی ہیں۔اس سے پہلے اس طرح کے قیاس کئے جارہے تھے کہ اتاناسیو کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔لوبو نے کہاکہ اتاناسیو مونسیرات نے وزیر کا عہدہ لینے سے انکار کر دیا اور انہوں نے جگہ وزیر اعلی سے اپنی بیوی کو کابینہ میں شامل کرنے کی درخواست کی۔